اے ایم ای آئی کے وفد نے وزیر آئی ٹی سریدھر بابوکو پیش کیا مؤقف
حیدرآباد، 12 مئی 2025: (پریس نوٹ) ریاستی کابینہ کی سب کمیٹی کا ایک اہم اجلاس وزیر انفارمیشن ٹیکنالوجی، ڈی. سرِیدھر بابو کے چیمبر میں منعقد ہوا۔ اجلاس کا مقصد ریاست میں تعلیمی اداروں کی فیس کے ضابطے کے سلسلے میں مختلف تجاویز پر غور کرنا تھا۔
اس موقع پر تلنگانہ میں اقلیتی اداروں کی نمائندہ تنظیم ایسوسی ایشن آف مائنارٹی ایجوکیشنل انسٹیٹیوشنس (AMEI) کے ایک وفد نے اقلیتی اداروں کا مؤقف موثر انداز میں پیش کیا۔ اے ایم آئی اے کے اس وفد میں صدر انور احمد ، نائب صدر محمد وقار احمد خالد ،
جنرل سیکرٹری ڈاکٹر محمد ساجد علی شامل تھے ۔
اس وفد نے حکومت سے پرزور مطالبہ کیا کہ مجوزہ فیس ریگولیشن کمیٹی سے اقلیتی تعلیمی اداروں کو مستثنیٰ قرار دیا جائے۔ انہوں نے اس ضمن میں آئین ہند کے آرٹیکل 30(1) کے تحت اقلیتوں کو حاصل تعلیمی خود مختاری کے حقوق کا حوالہ دیا، اور اس موضوع پر سپریم کورٹ کے مختلف فیصلوں کو بنیاد بنایا۔
اجلاس میں معزز وزیر کے ساتھ پرنسپل سکریٹری، ڈائریکٹر آف اسکول ایجوکیشن اور دیگر اعلیٰ عہدیداران بھی شریک تھے۔
قابل ذکر بات یہ رہی کہ اے ایم ای آئی ہی واحد تنظیم تھی جو اقلیتی تعلیمی اداروں کی نمائندگی کر رہی تھی، اور اس نے نہایت مدلل اور جامع انداز میں اپنا نقطۂ نظر پیش کیا۔