نئی دہلی، یکم جولائی (یو این آئی ) تقریباً چار دہائیوں کے بعد وزارت تعلیم ، حکومت ہند کی جانب سے حال ہی میں چھ تدریسی آسامیوں کی منظوری کے ساتھ ، جامعہ ملیہ اسلامیہ کو ڈپارٹمنٹ آف لائبریری اینڈ انفارمیشن سائنس قائم کرنے کی منظوری ملی یہ ایک غیر معمولی کامیابی ہے ، واضح ہو کہ جامعہ سال انیس سو پچاسی سے مستقل فیکلٹی اراکین کے بغیر بیچلر آف لائبریری اینڈ انفارمیشن سائنس (بی۔ لب۔ آئی ایس سی) چلارہی ہے، نئی آسامیاں آنے سے اس اہم پروگرام میں نئی توانائی اور نیا جوش پیدا ہو گا۔
شیخ الجامعہ ، جامعہ ملیہ اسلامیہ پروفیسر مظہر آصف اور پروفیسر محمد مہتاب عالم رضوی نے وزیر اعظم، مرکزی
وزیر برائے تعلیم ، وزارت مالیات اور یونیورسٹی گرانٹس کمیشن (یوجی سی ) کا ان کے گراں قدر تعاون اور ڈپارٹمنٹ آف لائبریری اینڈ انفارمیشن سائنس قائم کرنے کی جامعہ کی تجویز کو منظور کرنے کے لیے ان کا صمیم قلب سے شکریہ ادا کیا ہے۔ اس توسیع کے لیے ان کا متواتر تعاون کافی اہم رہا جو جامعہ کی تعلیمی پیش کش کو مزید بہتر کرے گا اور یونیورسٹی میں لائبریری سائنس کو مزید آگے لے جانے میں یہ منظوری کافی اہم ثابت ہو گی۔ مزید بر آن پروفیسر آصف اور پروفیسر رضوی نے لائبریری اور انفار میشن سائنسز کے اہم میدان میں ہنر اور مہارت کی ترویج و اشاعت اور موجودہ تدریس کو اور جامعہ برادری کو اس شان دار کامیابی پر مبارک باد دی۔