کلکتہ 19جنوری(ایجنسی)سماجوادی پارٹی کے چیف اکھلیش یادو آج ممتا بنرجی کی اپوزیشن کی "میگا ریلی" کے سب سے اہم چہرہ تھے۔ انہوں نے آج اپنی تقریر میں کہا کہ اپوزیشن کا اتحاد کا آئیڈیا بھی ہم نے بی جے پی قیادت والی اتحادی حکومت سے ہی لیا ہے۔مگر اپوزیشن کا اتحاد مفادات کیلئے نہیں بلکہ ملک کی سالمیت اور اتحاد کیلئے ہے۔
اکھلیش یادو نے کہا کہ اترپردیش میں سماجودای اوربہوجن سماج پارٹی کے اتحاد کے بعد بی جے پی کے خیمے میں کھلبلی مچ گئی ہے۔میٹنگ پر میٹنگ ہورہی ہے، مرکزی جانچ ایجنسیوں کو ہمارے پیچھے لگادیا گیا ہے۔ہمارے اتحاد کو نقصان پہنچانے کی کوشش
کی جارہی ہے۔مگر اب مودی کا وقت ختم ہوگیا ہے۔انہیں سی بی آئی، ای ڈی اور انکم ٹیکس محکمہ کے ساتھ اتحاد کرنے کا فائدہ نہیں ملے گا۔
اکھلیش یادونے کہا کہ یہ شروعات ہے، ابھی اور اپوزیشن جماعتیں متحد ہوں گی، کیوں کہ یہ ملک کا سوال ہے۔ملک کیلئے تمام سیکولر اور سیاسی جماعتیں اپنے مفادات کو چھوڑ کر ایک ہونے کو تیار نہیں ہے۔انہوں نے کہا کہ وزیرا عظم بننے کا سوال نہیں ہے، یہ سوال بھی اہم نہیں ہے انتخاب کے بعد وزیرا عظم کون ہوگا۔اس سے پہلے بھی وزیر اعظم ہوئے اور آئندہ ہوگا۔ملک صرف ایک شخص نہیں چلاتا ہے بلکہ ملک سب مل کر چلاتے ہیں۔مگر مودی نے ملک کو ہٹلر کی راہ پر گامزن کردیا ہے اس کانقصان ملک کے عام لوگوں کو پہنچ رہا ہے۔