نئی دہلی،14نومبر(یو این آئی)وزیر دفاع راجناتھ سنگھ نے آج کہا کہ رافیل سودے میں بدعنوانی کے الزامات بد قسمتی، بد نیتی اورمنفی جذبے کے تحت عائد کیے گئے تھے۔ یہ وزیر اعظم نریندر مودی اور ان کی حکومت کی شبیہ پراگندہ کرنے کی کوشش تھی۔
رافیل معاملے میں دائر نظر ثانی کی تمام عرضیوں کو آج سپریم کورٹ کی جانب سے خارج کیے جانے پر ردعمل ظاہر کرتے ہوئے مسٹر سنگھ نے کہا کہ یہ الزام وزیر اعظم نریندر مودی اور ان کی حکومت کوصاف و شفاف اور ایماندار شبیہ کو پراگندہ کرنے کی کوشش تھی۔ ٹویٹر پر اپنی بات رکھتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ملک کے عوام اس ’جھوٹ
مہم‘کے لیے کانگریس کو کبھی معاف نہیں کریں گے۔ کانگریس کو عوام کو گمراہ کرنے کے لیے معافی مانگنی چاہیے۔
انہوں نے کہا کہ رافیل سودے میں الزامات پوری طرح بدقسمتی، بد نیتی اور منفی جذبے سےعائد کیے گئے تھے۔ اس فیصلے نے بے بنیاد الزامات عائد کرنےوالے رہنماؤں کو مستقبل میں خبردار رہنے کا پیغام دیا ہے۔ وزیر دفاع نے کہا کہ رافیل سودا مکمل شفاف اور قومی سلامتی کی تیاریوں کو دھیان میں رکھ کر کیا گیا تھا۔ قومی سلامتی اور دفاعی تیاریوں سے متعلق مسائل پر سیاست نہیں کی جانی چاہیے۔ سپریم کورٹ کے فیصلے نے قومی جمہوری اتحاد (این ڈی اے)کے فیصلے کو درست ثابت کیا ہے۔