نئی دہلی، 9 دسمبر (یواین آئی) سپریم کورٹ حیدرآباد کی دشا عصمت دری اور قتل کے ملزمان کو پولیس تصادم میں مار گرائے جانے کے واقعہ کی آزادانہ تحقیقات سے متعلق درخواست پر بدھ کو سماعت کرے گا۔
درخواست گزار دو وکلا- جی ایس منی اور پردیپ کمار یادو کی جانب سے کیس کا خاص طور سے ذکر چیف جسٹس ایس اے بوبڈے کی صدارت والی بنچ کے سامنے کیا گیا اور معاملہ کی
سنگینی کے پیش نظر فوری سماعت کی اپیل کی گئی۔
جسٹس بوبڈے نے کہا کہ اس معاملہ میں تلنگانہ ہائی کورٹ میں سماعت ہو رہی ہے۔ انہوں نے کہا’’ہائی کورٹ میں سماعت ہو جانے دیجئے۔ ہم اس معاملہ میں بدھ کو سماعت کریں گے‘‘۔
دونوں وکلا نے مطالبہ کیا ہے کہ پولیس ٹیم کے سربراہ سمیت انکاؤنٹر میں شامل تمام پولیس اہلکاروں کے خلاف ایف آئی آر درج کرکے جانچ کرائی جانی چاہئے۔