اتراکھنڈ، 5 اگسٹ (ذرائع) اترکاشی کے دھرالی علاقے میں بادل پھٹنے سے بڑے پیمانے پر تباہی ہوئی ۔ اس واقعے میں کئی لوگوں کی ہلاکت کی اطلاع ہے۔ اس کے ساتھ ہی 50 سے زائد افراد لاپتہ ہیں۔ ایس ڈی آر ایف، این ڈی آر ایف اور ضلع انتظامیہ کی ٹیمیں موقع پر راحت اور بچاؤ کے کاموں میں مصروف ہیں۔ یہ واقعہ ہرشل کے قریب دھرالی علاقے میں پیش آیا۔ اس میں پورا گاؤں
بہہ گیا۔ پانی کی سطح میں اچانک اضافے کے بعد مقامی مارکیٹ کی کئی عمارتیں بھی گر گئیں۔ بڑے پیمانے پر نقصان کی خبر ہے۔ اس واقعے کی کئی ویڈیوز بھی منظر عام پر آ چکی ہیں۔
علاقے کے دیہاتوں میں خوف و ہراس کا ماحول ہے اور لوگ محفوظ جگہ کی تلاش میں ادھر ادھر بھاگ رہے ہیں۔ علاقے کی ویڈیو میں پانی کے تیز بہاؤ اور لوگوں کو خوف و ہراس میں چیختے ہوئے دیکھا جا سکتا ہے۔