واشنگٹن 27 نومبر 2025 (ذرائع) امریکی صدر ڈونالڈ ٹرمپ کی سرکاری رہائش گاہ وائٹ ہاؤس کے قریب نیشنل گارڈ پر فائرنگ کے واقعے میں دو اہلکار شدید زخمی ہوگئے جبکہ حملہ آور 29 سالہ افغان نژاد رحمان اللہ لکانوال زخمی حالت میں گرفتار کر لیا گیا۔ امریکی میڈیا کے مطابق لکانوال 2021 میں افغانستان انخلا کے دوران آپریشن الائز ویلکم کے تحت امریکہ منتقل ہوا تھا اور ریاست واشنگٹن میں رہائش پذیر تھا۔ پولیس کے مطابق وہ فیرگیٹ ویسٹ میٹرو اسٹیشن کے پاس گھات
لگا کر بیٹھا تھا اور اچانک سامنے آکر خاتون اہلکار کو سینے اور سر پر فائر کیا، پھر دوسرے اہلکار پر بھی فائرنگ کی۔ پاس موجود تیسرے گارڈ کی جوابی کارروائی میں حملہ آور زخمی ہو گیا۔ دونوں زخمی گارڈز کی حالت تشویشناک ہے۔ ایف بی آئی اس واقعے کو ممکنہ دہشت گرد حملہ قرار دے کر تحقیقات کر رہی ہے جبکہ اب تک فائرنگ کی وجہ سامنے نہیں آئی۔ واشنگٹن کی میئر نے اسے ’’ٹارگٹڈ شوٹنگ‘‘ قرار دیا ہے اور حکومت نے دارالحکومت میں مزید 500 نیشنل گارڈ تعینات کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔