واشنگٹن 25 نومبر 2025 (ذرائع) امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے اخوان المسلمون کو غیر ملکی دہشت گرد تنظیم قرار دینے کے لیے کارروائی شروع کر دی ہے۔ وائٹ ہاؤس کے مطابق صدر نے سیکریٹری آف اسٹیٹ اور سیکریٹری خزانہ کو ہدایت کی ہے کہ وہ لبنان، مصر اور اردن میں اخوان المسلمون کی سرگرمیوں کے بارے میں تفصیلی رپورٹ تیار کریں جس کی بنیاد پر 45 دنوں میں حتمی فیصلہ کیا جائے گا۔ ٹرمپ انتظامیہ کا الزام ہے کہ اخوان المسلمون کی متعدد شاخیں اسرائیل اور
امریکی اتحادیوں پر حملوں کی حمایت کرتی ہیں اور ان کے فلسطینی تنظیم حماس سے روابط ہیں۔ صدر ٹرمپ نے اس حوالے سے ایک ایگزیکٹو آرڈر پر دستخط بھی کر دیے ہیں۔ واضح رہے کہ اخوان المسلمون 1920 میں مصر میں قائم ہوئی تھی اور اسلامی نظریات کے فروغ کے نام پر خفیہ طور پر عرب ممالک میں پھیل گئی تھی۔ ٹرمپ نے اپنے پہلے دور اقتدار میں اسے دہشت گرد تنظیم قرار دینے کی کوشش بھی کی ہے جب کہ حال ہی میں ٹیکساس کے گورنر نے بھی ریاستی سطح پر تنظیم کے خلاف سخت اقدامات کیے ہیں۔