افغانستان میں پیر کی صبح ایک طاقتور زلزلہ آیا جس کی شدت ریکٹر اسکیل پر 6.3 تھی۔ صوبہ ننگرہار میں جلال آباد کے قریب زلزلہ سب سے زیادہ تباہ کن تھا۔ کنڑ ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی کے مطابق، نورگل، سوکی، وٹ پور، منوجی اور چپدرہ کے اضلاع میں کم از کم 250 افراد ہلاک اور 500 سے زائد زخمی ہوئے۔
ریسکیو ٹیمیں تباہ شدہ مکانات کے ملبے سے لاشوں اور زندہ بچ جانے والوں کو نکالنے کی کوششوں میں مصروف ہیں جب کہ درجنوں افراد تاحال لاپتہ ہیں۔ امریکی جیولوجیکل سروے (یو ایس جی ایس) کے
مطابق زلزلے کا مرکز جلال آباد کے قریب تھا۔
زوردار جھٹکوں کے بعد کئی آفٹر شاکس بھی ریکارڈ کیے گئے جن کی شدت 4 سے 5 تھی۔انڈین نیشنل سینٹر فار سیسمولوجی کے مطابق اتوار کو مقامی وقت کے مطابق رات 11 بج کر 47 منٹ پر زلزلہ 160 کلومیٹر کی گہرائی میں آیا جس کے بعد 4.7 شدت کے ایک اور جھٹکے بھی محسوس کیے گئے۔
پشاور، مانسہرہ، ایبٹ آباد اور سوات سمیت افغانستان کے ساتھ ساتھ پاکستان کے مختلف علاقوں میں زلزلے کے جھٹکے محسوس کیے گئے جس سے لوگوں میں خوف وہراس پھیل گیا۔