نئی دہلی، 14 اگست (یو این آئی) کانگریس کے صدر سونیا گاندھی اور پارٹی کے اترپردیش کی انچارج اور جنرل سکریٹری پرینکا گاندھی واڈرا نے غازی آباد سے لوک سبھا کے رکن رہ چکے پارٹی کے سینیئر رہنما سریندر پرکاش گوئل کی موت پر تعزیت کا اظہار کیا ہے محترمہ گاندھی نے جمعرات کو اپنے تعزیتی پیغام میں کہا،’ سابق رکن پارلیمنٹ سریندر گوئل کی موت کی خبر سن کر بہت تکلیف ہوئی۔ انہوں نے جس طرح سے خدمت اور ایثار سے کام کیا ہے اسے ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔ متاثرہ اہل خانہ، خاندان کے اراکین اور حامیوں کے تئیں تعزیت کا اظہار کرتی ہوں‘۔
محترمہ واڈرا نے کہا،’ سریندر پرکاش گوئل جی کی موت کی خبر ملی۔ وہ کانگریس کے ایک مضبوط رہنما
اور ہر دلعزیز عوامی رہنما تھے۔ ان کی موت سے کانگریس پارٹی کو ناقابل تلافی نقصان ہوا ہے۔ اس تکلیف کی گھڑی میں مالک ان کے اہل خانہ کو یہ مصیبت سہنے کی ہمت دے۔ نم آنکھوں سے خراج عقیدت‘۔
پارٹی کے میڈیا سیل کے انچارج رندیپ سنگھ سرجے والا نے کہا،’ مسٹر گوئل جیسی شخصیت ہمارے درمیان نہیں رہی۔ ان کا جانا دل توڑنے والا ہے۔ سریندر جی کی موت سے مجھے ذاتی نقصان ہوا ہے۔ سماجی خدمت کے شعبے میں ان کی کمی ستائے گی۔ اہل خانہ کو میری تعزیت۔ مالک ان کی روح کو سکون دے‘۔
پردھانی سے اپنی سیاست شروع کرنے والے مسٹر گوئل نے میونسپل رکن، میونسپل چیئرمین، رکن اسمبلی، رکن پارلیمنٹ تک کا سفر طے کیا۔ ان کا آج صبح انتقال ہو گیا۔