سری نگر ، 14 جون (یو این آئی) جموں و کشمیر کے وزیر اعلیٰ اور نیشنل کا نفرنس کے نائب صدر عمر عبد اللہ نے کہا ہے کہ حکومت ریاست کے عوام کو در پیش مسائل و مشکلات سے بخوبی واقف ہے اور ان کے ازالے کے لیے تمام تر حکومتی مشینری متحرک ہے۔ انہوں نے یقین دلایا کہ عوامی فلاح و بہبود حکومت کی اولین ترجیحات میں شامل ہے۔ عمر عبداللہ ہفتے کے روز نیشنل کا نفرنس ہیڈ کوارٹر پر پارٹی لیڈران ، عہدیداران اور کارکنان کے ساتھ ایک
تفصیلی اجلاس میں تبادلہ خیال کر رہے تھے۔ اس موقع پر ملاقات کرنے والے وفود نے وزیر اعلیٰ کو مختلف علاقوں میں عوام کو در پیش بنیادی مسائل ، ترقیاتی امور ، اور دیگر مشکلات سے آگاہ کیا۔ وزیر اعلیٰ نے وفود کو یقین دہانی کرائی کہ حکومت تمام جائز عوامی مطالبات کو ترجیحی بنیادوں پر حل کرے گی اور ہر ممکن کوشش کی جائے گی کہ لوگوں کو سہولیات میسر ہوں۔انہوں نے
کہا: ہمیں آپ کے مسائل کا مکمل ادراک ہے اور ان کا حل ہماری اولین ترجیح ہے۔