نئی دہلی، 15 اکتوبر (یو این آئي) عالمی وبا کورونا وائرس (کووڈ-19) کے خلاف جنگ میں مرکزی حکومت کی مدد کے لئے اپولو اسپتال گروپ نے روزانہ 10 لاکھ کووڈ 19 ویکسین کے انتظام کے لئے تیار رہنے کا اعلان کیا ہے اور اس کام میں وہ پورے ملک میں پھیلے ہوئے اپنے وسیع نیٹ ورک کا استعمال کرے گا۔
اپولو اسپتال گروپ کا نیٹ ورک سہولیات سے لیس ہے، جس میں کووڈ- 19 ویکسین کے بڑے پیمانے پر انتظام کی صلاحیت ہوگی۔ اس کے لیے اپولو کے 10000 سے زیادہ ملازمین کو ٹیکہ کاری سے متعلق ضروری تربیت دی جارہی ہے اور ویکسین کا انتظام کرنے کے لئے انہیں اپولو کے مراکز میں تعینات کیا جائے گا۔
اپولو گروپ کی ایگزیکٹو ہیڈ شوبھنا کامینی نے بتایا کہ "پورا ملک اس
متعدی مرض کی ویکسین دریافت ہونے کا انتظار کر رہا ہے، لیکن ایک بار جب یہ ویکسین آجائے تو ہمیں ایک اور چیلنج کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔ ملک کی 1.3 ارب آبادی میں سے ہر فرد کو جلد اور محفوظ طریقے سے ویکسین پہنچانا اپنے آپ میں ایک چیلنج ہوگا"۔
انہوں نے کہا کہ ہمیں یہ کہتے ہوئے بہت خوشی ہو رہی ہے کہ ویکسین کی فراہمی کے لئے اس کی کولڈ چین کو مزید تقویت دینے کا کام تیزی سے اپولو اسپتال گروپ میں کیا جا رہا ہے۔ اپولو اسپتال گروپ تیزی سے انتظام کے لئے اپنی تمام تر سہولیات کی تیاری کر رہا ہے، ہمیں امید ہے کہ ہم ہر روز 10 لاکھ تک خوراک پلا سکیں گے۔ اپولو نے اب تک 250000 سے زیادہ افراد کا کورونا ٹیسٹ کیا ہے اور 75000 سے زیادہ مریضوں کا علاج کیا ہے۔