نئی دہلی، 7جنوری (یو این آئی) قومی شہریت ترمیمی قانون (سی ا ے اے)، این آرسی یا این آر پی کے خلاف گزشتہ 16دسمبر سے دھرنا دینے والی شاہین باغ، جامعہ نگراور دہلی کی خاتون مظاہرین کے حوصلے کو سلام کرتے ہوئے مشہور کمیونسٹ لیڈر برندا کرات نے کہاکہ آپ نے خواتین کی طاقت کا ثبوت دیا ہے انہوں نے کہاکہ سخت سردی کے موسم میں گزشتہ 23دنوں نے جس طرح آپ لوگوں نے قومی شہریت ترمیمی قانون، این آر سی اور این آر پی کے خلاف مورچہ سنبھال رکھا ہے یہ آپ کی طاقت کا جیتا جاگتا ثبوت ہے۔ انہوں نے کہاکہ آپ نے ہندوستان ہی نہیں پوری دنیا میں یہ بتادیا ہے کہ خواتین بھی کسی سے کم نہیں ہیں اور ملک اور آئین کے لئے سڑکوں پر اترنا جانتی ہیں۔
انہوں نے کہا کہ مودی کہتے ہیں کہ قومی شہریت ترمیمی قانون کی مخالفت کرنے والوں کو کپڑوں سے پہنچانو،پر طنز کرتے ہوئے کہاکہ یہاں آکر دیکھو، ہمارے کپڑے دیکھو، یہاں بندی اوربرقعہ ہے۔ انہوں نے کہاکہ یہاں بندی اوربرقعہ دونوں مل کر قومی شہریت
ترمیمی قانون کی مخالف کررہے ہیں۔ یہاں ہندو بھی ہیں، سکھ بھی ہیں، عیسائی بھی ہیں، سب لوگ شامل ہیں۔
انہوں نے جواہر لال نہرو یونیورسٹی (جے این یو) پر اے بی وی پی کے مبینہ غنڈوں کے حملوں کی مذمت کرتے ہوئے کہاکہ یہاں غنڈہ گردی چل رہی ہے، بچوں پر حملہ کیا جارہا ہے۔ان کے ہاتھ پیر توڑے جارہے ہیں۔ انہوں نے کہاکہ اس طرح کے حالات کبھی نہیں ہوتے تھے اور اب یہ ہے کہ جو بھی فسطائی طاقتوں کے نظریات کی مخالفت کرتا ہے وہ ان پر حملہ کرتے ہیں۔
گزشتہ 16دسمبر سے بھوک ہڑتال پر بیٹھے زین العابدین نے کہاکہ قومی شہریت ترمیمی قانون، این آرسی یا این آر پی صرف مسلمانوں کے خلاف نہیں ہے بلکہ ہر غریب، کمزور طبقہ، دلت اور قبائلی کے خلاف ہے اور اس کے خلاف شاہین باغ میں پرامن احتجاج چل رہا ہے۔انہوں نے کہاکہ ان کی بھوک ہڑتال کا آج 23واں دن ہے لیکن نہ تو دہلی حکومت کا کوئی نمائندہ نہ ہی مرکزی حکومت کا کوئی افسر اس سے ملنے آیا ہے یہاں تک آج تک کوء ڈاکٹر بھی دیکھنے نہیں آیا ہے۔