نئی دہلی، 28 مئی (یو این آئی) حکومت نے مسلح افواج میں کمانڈ کی سطح پر زیادہ سے زیادہ تال میل ، ہم آہنگی اور کار کردگی کو بہتر کرنے کے مقصد سے انٹر سروسز آرگنائزیشن ( کمانڈ، کنٹرول اور ڈسپلن ) ایکٹ 2023 کے ضوابط کا نوٹیفکیشن جاری کیا ہے۔
وزارت دفاع نے بدھ کے روز کہا کہ یہ ضوابط بروز منگل 27 مئی سے نافذ ہوں گے۔ اس اہم قدم کا مقصد انٹر سروس آرگنائزیشنز (آئی ایس او) کے موثر کمانڈ ، کنٹرول اور کار کردگی کو بہتر کرنا ہے، جس سے مسلح افواج کے درمیان باہمی انضمام کو تقویت
ملے گی۔
اس بل کو پارلیمنٹ کے دونوں ایوانوں نے 2023 کے مانسون اجلاس میں منظور کیا تھا اور اسے 15 اگست 2023 کو صدر جمہوریہ کی منظوری ملی تھی۔
یہ ایکٹ آئی ایس او کے کمانڈر انچیف اور آفیسر ان کمانڈ کو اختیار دیتا ہے کہ وہ اپنے ماتحت خدمات انجام دینے والے اہلکاروں پر کمانڈ اور کنڑول کا استعمال کریں، اس طرح تنظیموں کے اندر نظم و ضبط اور انتظامیہ کی موثر کار کردگی کو یقینی بنایا جائے گا۔ اس سے مسلح افواج کی ہر شاخ پر قابل اطلاق خصوصی سروس کی شرائط میں تبدیلی نہیں ہوتی ہے۔