نئی دہلی، 02 جون (یو این آئی) راجیہ سبھا کے لیے آسام اور تمل ناڈو کی کل آٹھ سیٹوں کے لیے 19 جون کو ہونے والے انتخابات کے لیے پیر کو نوٹیفکیشن جاری کر دیا گیا۔ نوٹیفکیشن کے ساتھ ہی دونوں ریاستوں میں انتخابات کے لیے نامزدگی کا عمل شروع ہو گیا ہے۔
راجیہ سبھا میں آسام کی ان دو سیٹوں کے موجودہ نمائندوں کی میعاد 14 جون کو ختم ہو رہی ہے اور تمل ناڈو کی چھ سیٹوں کے نمائندوں کی میعاد 24 جولائی کو ختم ہو رہی ہے۔
الیکشن کمیشن کے جاری کردہ پرو گرام کے مطابق ان انتخابات کے لیے کاغذات نامزدگی 9 جون تک بھرے جا سکتے ہیں، کا غذات نامزدگی کی جانچ پڑتال 10 جون کو ہو گی اور 12 جون تک نام واپس لیے جاسکیں گے ، اگر ضرورت پڑی تو 19 جون کو صبح 9 بجے سے شام 4 بجے تک ووٹنگ ہو گی۔ اس میں متعلقہ ریاستوں کے اراکین اسمبلی ووٹ ڈالیں گے۔
ووٹوں کی گنتی ووٹنگ مکمل ہونے کے ایک گھنٹے بعد کی جائے گی۔ کمیشن نے کہا ہے کہ ووٹنگ کا پورا عمل 23 جون تک مکمل کر لیا جائے گا۔