جموں،26 اگسٹ (ذرائع) جموں کشمیر اور ہماچل پردیش میں مسلسل موسلادھار بارش نے خوفناک تباہی مچا دی ہے۔ کئی علاقے سیلاب کی زد میں ہیں۔ ڈوڈہ میں بادل پھٹنے کی وجہ سے تبی ندی نے بھیانک شکل اختیار کر لی ہے۔ ڈوڈہ میں بارش اور سیلاب میں 4 لوگوں کی موت کی خبر ہے۔ یہاں وشنو دیوی میں اردکماری کے قریب مٹی کے تودے گرنے سے 5 عقیدت مندوں کی موت ہو گئی۔ یہاں 14 افراد زخمی بتائے جاتے ہیں۔ ایسے میں سرکاری طور پر اب تک 9
لوگوں کی موت کی خبر سامنے آئی ہے۔ تاہم اس تعداد میں اضافہ بھی ہو سکتا ہے۔ خراب موسم کی وجہ سے وشنو دیوی یاترا ملتوی کر دی گئی ہے۔
دوسری طرف ہماچل میں ویاس ندی نے بھیانک شکل اختیار کر لی ہے۔ اس کے ساتھ ساتھ کئی پہاڑی دریا بھی اپنی لپیٹ میں ہیں۔ اس کی وجہ سے کولو منالی میں زبردست تباہی کا منظر ہے۔ سیلاب، بارش اور ندی نالوں میں اضافے کے باعث کئی مقامات پر سڑکیں بند ہیں۔ ایسے میں گاڑیوں کی آمدورفت بھی ٹھپ ہو کر رہ گئی ہے۔