سری نگر، 23 دسمبر (یو این آئی) وادی کشمیر میں انٹرنیٹ اور ایس ایم ایس خدمات کی مسلسل معطلی کی وجہ سے دسویں جماعت کے طلبا کو امتحانی نتائج معلوم کرنے کے لئے امسال زمانہ گزشتہ کی طرح بازاروں میں گیزٹوں کی تلاش میں نکل کر لمبی لمبی قطاروں میں کھڑے ہوکر منہ مانگی رقم ادائیگی کے بعد ہی اپنا رزلٹ معلوم کرنا پڑے گا وادی میں دسویں جماعت کے امتحانی نتائج جموں کشمیر بورڈ آف اسکول ایجوکیشن کی ویب سائٹ کے علاوہ انڈیا رزلٹس ڈاٹ کام نامی ویب سائٹ پر دستیاب ہوتے تھے اور طلبا اپنے اپنے نتائج گھر بیٹھے ہی اپنے موبائل فونوں یا ایس ایم ایس کرکے معلوم کرتے تھے لیکن امسال چونکہ وادی میں ساڑھے
چار ماہ سے تمام طرح کے انٹرنیٹ خدمات اور ایس ایم ایس سروس بند ہیں جس کے نتیجے میں طلبا کو ایک بار پھر زمانہ گزشتہ کی طرح بازاروں میں گیزٹوں کی تلاش میں نکل کر لمبی لمبی قطاروں میں کھڑا رہ کر منہ مانگی رقم کی ادائیگی کے بعد ہی اپنا رزلٹ معلوم کرنا پڑے گا۔
ذرائع نے بتایا کہ اگرچہ ویب سائٹوں پر رزلٹ حسب معمول موجود رہے گا تاہم طلبا کی سہولیت کے لئے گیزٹ بھی دستیاب ہوں گے اور اس سلسلے میں تیاریاں جاری ہیں۔
تاہم یو این آئی اردو نے جب اس سلسلے میں جموں کشمیر بورڈ آف اسکول ایجوکیشن کی سکریٹری وینا پنڈتا کے ساتھ رابطہ کرنے کی کوشش کی تو ان کے فون کا رابطہ تو ہوا لیکن بات نہیں ہوسکی۔