امریکی کارروائیوں کے بعد بحرین میں 5 واں بیڑہ بھی نشانہ۔ تازہ جھڑپوں سے کشیدگی میں اضافہ
تہران/ کویت سٹی ۔ 3 جون (پی ٹی آئی) ایران اور امریکہ کے درمیان ایک مرتبہ پھر فوجی ٹکراؤ ہوا۔ امریکی حملوں کا جواب دیتے ہوئے ایران نے کویت اور بحرین میں کارروائیاں کیں۔ اطلاعات میں کہا گیا کہ کویت انٹر نیشنل ایر پورٹ پر ایران کے ایک حملہ میں ایک ہندوستانی شہری ہلاک ہو گیا۔ کویت میں ہندوستان کے سفارتخانہ نے ایکس پر اس حملے کی تصدیق کی۔ وزارت صحت نے بتایا کہ حملہ میں کم سے کم 63 دیگر افراد زخمی بھی ہوئے۔
وزارت صحت کے ترجمان عبد الله الصناد نے کہا کہ بعض زخمیوں کی حالت نازک ہے۔ بعض کے سر پر چوٹ لگی ہے۔ بعض کے ہاتھ پاؤں کٹ گئے ہیں۔ حملے کے بعد ایر پورٹ پر 25 ایمبولنس گاڑیوں کو بھیجا گیا۔۔ کویت میں ہندوستان کے سفارتخانہ نے ایکس پر تعزیت کا اظہار کیا اور کہا کہ سفارتخانہ کویتی عہدہ داروں کے ساتھ تال میل کے ذریعہ کام کر رہا ہے اور غمزدہ خاندانوں اور زخمیوں کی ہر طرح سے مدد کر رہا ہے۔ یہ حملہ کو یت انٹرنیشنل ایرپورٹ کے ٹرمنل ون پر کیا گیا جس سے ایر پورٹ کو بھی نقصان پہونچا۔ حملہ کے
بعد کویت نے ایر ٹریفک روک دی۔
ڈائریکٹوریٹ جنرل شہری ہوا بازی کے ترجمان عبد اللہ الراضیح نے یہ بات بتائی۔ امریکی فوج نے تصدیق کی کہ کل رات اس نے ایران پر خود کے دفاع میں حملے کئے اور جہازوں اور خلیجی ملکوں پر فائر کئے گئے بیالیسٹک میزائلس اور ڈرونس کو مار گرایا۔ امریکی فوج نے کیشم جزیرے میں حملے کئے جو آبنائے ہرمز کے قریب ہے۔ امریکی سنٹرل کمانڈ نے تصدیق کی کہ ایران نے کویت میں 2 اور بحرین میں 3 میزائل حملے کئے ۔
ایران نے کہا کہ اس نے امریکی اڈوں اور ہیلی کاپٹرس پر وار کیا۔ کویت کی وزارت دفاع کے ترجمان بریگیڈئیر جنرل سعود عبدالعزیز العسیمی نے حملے کو ایران کی مجرمانہ جارحیت قرار دیا۔ کویت کی وزارت خارجہ نے کہا کہ اس حملہ میں انفرا اسٹرکچر کو نقصان پہونچا۔ سفارتی مشنس کو نقصان پہونچنے کی بھی تصدیق کی گئی ہے۔ امریکی سنٹرل کمانڈ نے کہا کہ لیشم جزیرے میں ایرانی فوج کے کنٹرول اسٹیشن کو نشانہ بنایا گیا۔ امریکہ نے ایران کی طرف سے فائر کئے گئے 3 ڈرونس کو مار گرانے کا دعوی کیا اور کہا کہ ان ڈرونس کے ذریعہ سمندر میں جائز طریقہ سے سفر کرنے والے شہری ملاحوں کو نشانہ بنانے کی کوشش کی گئی۔