ذرائع:
امریکہ میں حیدرآباد سے تعلق رکھنے والی 27 سالہ مسلم سیاستداں نبیلہ سید نے ایک اور بڑی سیاسی کامیابی حاصل کرتے ہوئے تاریخ رقم کردی ہے۔ نبیلہ سید نے امریکی ریاست الینوئیس کے اسٹیٹ سینیٹ ڈسٹرکٹ 26 کے انتخابات میں کامیابی حاصل کرتے ہوئے ریپبلکن امیدوار اور موجودہ سینیٹر ڈاربی ہلز کو شکست دے دی۔ ان کی اس کامیابی کے ساتھ ہی یہ نشست ڈیموکریٹک پارٹی کے حصے میں آگئی۔ حیدرآباد سے تعلق رکھنے والے والدین کے گھرالینوئیس میں پیدا ہونے والی اور وہیں پرورش پانے والی نبیلہ سید نے اپنی سیاسی جدوجہد کے
ذریعے کم عمری میں نمایاں مقام حاصل کیا ہے۔ اس سے قبل 2022 میں بھی انہوں نے تاریخ رقم کی تھی، جب وہ محض 23 سال کی عمر میں الینوائے کی قانون ساز اسمبلی کے لیے منتخب ہونے والی کم عمر ترین خاتون بن گئی تھیں۔ اب 27 سال کی عمر میں اسٹیٹ سینیٹ کی نشست جیت کر انہوں نے اپنی سیاسی کامیابیوں میں ایک اور اہم سنگ میل عبور کرلیا ہے۔ نبیلہ سید کی یہ کامیابی نہ صرف ان کے خاندان بلکہ حیدرآباد کے لیے بھی باعثِ فخر ہے۔ حیدرآباد سے جڑی جڑیں اور امریکہ میں سیاسی کامیابی، نبیلہ سید کی یہ کہانی نوجوان نسل کے لیے ایک حوصلہ افزا مثال بن کر سامنے آئی ہے۔