نئی دہلی، 08 جولائی (یو این آئی) پاکستان کے خلاف فوجی کارروائی روکنے میں امریکی صدر ڈونالڈ ٹرمپ کے اہم کردار ادا کرنے کے بار بار دعوے کیے جانے پر حیرت کا اظہار کرتے ہوئے کانگریس نے منگل کے روز سوال کیا کہ وزیر اعظم نریندر مودی ان دعووں کا مناسب جواب دینے کے بجائے خاموش کیوں ہیں۔
کانگریس کے میڈیا انچارج جے رام رمیش نے آج
یہاں جاری پریس بیان میں کہا، گزشتہ 59 دنوں میں صدر ٹرمپ نے کم از کم 21 مرتبہ یہ دعویٰ کیا ہے کہ انہوں نے مئی میں ہندوستان اور پاکستان کے درمیان چار روزہ فوجی کارروائی کو روکنے کے لیے ذاتی طور پر مداخلت کی تھی۔
مسٹر جے رام رمیش نے کہا کہ امریکی صدر نے کہا ہے کہ دونوں ملکوں کے درمیان جاری فوجی کارروائی جوہری جنگ میں تبدیل ہونے کے دہانے پر تھی۔