ذرائع:
علی گڑھ مسلم یونیورسٹی کی سابق طالبہ صبا حیدر کی امریکہ میں تاریخی کامیابی، الینوائے اسٹیٹ ہاؤس کی رکن منتخب
امریکہ میں ہونے والے انتخابات میں علی گڑھ مسلم یونیورسٹی کی سابق طالبہ صبا حیدر نے اہم کامیابی حاصل کرتے ہوئے ریاست الینوائے کے 84ویں ڈسٹرکٹ سے ڈیموکریٹک امیدوار کی حیثیت سے اسٹیٹ ہاؤس آف ریپریزنٹیٹوز کی نشست جیت لی ہے۔ صبا حیدر کا تعلق اترپردیش کے ضلع بلندشہر کے قصبہ اورنگ آباد سے ہے، جبکہ ان کا خاندان فی الحال غازی آباد کے سنجے نگر میں مقیم ہے۔
انہوں نے اپنی ابتدائی تعلیم غازی آباد کے ہولی چائلڈ اسکول سے حاصل کی اور انٹرمیڈیٹ مکمل کرنے کے بعد علی گڑھ مسلم یونیورسٹی کا رخ کیا، جہاں انہوں نے وائلڈ لائف سائنسز میں ایم ایس سی کی ڈگری گولڈ میڈل کے ساتھ حاصل کی۔ ان کی اس کامیابی کوعلی گڑھ مسلم یونیورسٹی برادری کے لیے بھی ایک اہم اعزاز قرار دیا جا رہا ہے۔ اس کامیابی کے ساتھ صبا حیدر الینوائے جنرل اسمبلی میں پہنچنے والی پہلی جنوبی ایشیائی تارکِ وطن خاتون بن گئی ہیں۔ صبا حیدر کی یہ کامیابی نہ صرف ان کے خاندان بلکہ علی گڑھ مسلم یونیورسٹی اور ہندوستانی تعلیمی برادری کے لیے بھی باعثِ مسرت ہے۔