نئی دہلی ، 10 مئی (یو این آئی) مرکزی حکومت کی آیوشمان بھارت اور دیگر صحت اسکیموں اور بیٹی بچاؤ بیٹی پڑھاؤ مہم کی وجہ سے زچگی کی شرح اموات اور نوزائیدہ بچوں کی اموات کی شرح عالمی اوسط سے بہتر ہو گئی ہے اور سال 2021 تک ملک میں جنسی تناسب 899 سے بڑھ کر 913 تک پہنچ گیا ہے-
رجسٹرار جنرل آف انڈیا (آرجی آئی) کی سیمپل رجسٹریشن سسٹم (ایس آرایس) رپورٹ 2021 کے مطابق ہندوستان میں ماں اور بچے کی صحت کے اہم اشارے نمایاں طور پر بہتر ہو رہے ہیں۔ ملک میں زچگی
کی شرح اموات (ایم ایم آر ) میں نمایاں کمی آئی ہے۔ یہ 2014-16 میں 130 فی لاکھ پیدائش سے 37 پوائنٹس کم ہو کر 2019-21 میں 93 رہ گئی ہے۔ ملک میں بچوں کی اموات کی شرح (آئی ایم آر ) 2014 میں 39 فی 1000 پیدائشوں سے کم ہو کر 2021 میں 27 فی 1000 پیدا ئشوں پر آگئی ہے۔ نوزائیدہ اموات کی شرح (این ایم آر ) 2014 میں 26 فی 1000 پیدا ئشوں سے کم ہو کر 2021 میں فی 1000 پیدا ئشوں پر 19 ہو گئی ہے۔ پانچ سال سے کم عمر کی شرح اموات (یو فائیو ایم آر )2014 میں 45 فی 1000 پیدائشوں سے کم ہو کر 2021 میں 31 فی 1000 پیدائشوں پر آگئی ہے۔