نئی دہلی، 10 اکتوبر (یواین آئی)مرکزی وزیرصحت وخاندانی بہبود ڈاکٹرہرش وردھن نے ہفتہ کے روز کہا کہ ملک میں کورونا وائرس’کووڈ-19‘کے مریضوں کی تعداد میں کمی کا سلسلہ جاری ہے اور جلد ہی کورونا کو ہرانے میں پیش پیش رہنے والا ہندوستان اسے شکست دے گا۔ڈاکٹر ہرش وردھن نے ٹویٹ کرکے کہاکہ’’وزیراعظم نریندرمودی کی قیادت میں وسیع پیمانے پر کورونا وائرس کے نمونوں کی ٹیسٹنگ، مریضوں کی ٹریکنگ اور متاثرین کو فوری اسپتال میں داخل کرانے اور معیاری علاج کے پروٹوکال پرعمل کرنے کی حکمت عملی کے نتیجے میں کورونا وائرس کوہرانے میں پیش پیش
رہنے والا ہندوستان جلد ہی اسے شکست دےگا۔قابل ذکر ہے کہ ملک کی کل 1913 کورونا ٹیسٹ لیب نے گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 11,64,018کورونا ٹیسٹ کیے۔اس طرح اب تک مجموعی طور پر8,57,98,698 کورونا ٹیسٹ کیے جاچکے ہیں۔گزشتہ 24 گھنٹے کے دوران ملک میں کورونا وائرس کے 73,272معاملے سامنے آئے، جس سےاب تک کورونا وائرس کے متاثرین کی تعداد بڑھ کر69,79,423 ہوگئی ہے۔اسی عرصے میں 82,753 کورونا متاثرین صحت یاب ہوئے اور926 جاں بحق ہوگئے جس سے کورونا انفیکشن کے سرگرم مریضوں کی تعداد میں 10407 کی کمی آئی ہے۔مجموعی طور پر پورے ملک میں کورونا وائرس کے 8,83,185 مریض ہیں۔یواین آئی۔الف الف۔