نئی دہلی ، 15 اگست ( یواین آئی) وزیر اعظم نریندر مودی نے ہر گھر کو پینے کے صاف پانی کی فراہمی کی اسکیم کی کامیابی پر خوشی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ایک سال میں اس اسکیم کے تحت دو کروڑ گھروں تک نل سے پانی پہنچایا جاچکا ہے۔
ہفتہ کو یوم آزادی کے موقع پر لال قلعہ کی فصیل سے قوم سے خطاب کرتے ہوئے مسٹر مودی نے کہا کہ انہوں نے گذشتہ سال اسی دن لال قلعہ کی اسی فصیل سے اس اسکیم کا اعلان کیا تھا اور انہیں خوشی ہے کہ ہر روز اس کے تحت ایک لاکھ زائد گھروں میں پینے کا پانی کا پانی پہنچایا جارہاہے اور اب
تک دو کروڑ سے زیادہ گھروں کو اس سکیم سے جوڑا گیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ ملک کے دیہی علاقوں کی بڑی آبادی تک اگر پینے کا صاف پانی پہنچتا ہے تو اس سے لوگوں کی زندگی میں بہتری آئے گی اور ان کی طرز زندگی بدل جائے گی اور خواتین بچے ہوئے وقت کابہتر استعمال گھر کی ترقی کے دیگر کاموں میں بھی کرسکیں گی۔
وزیراعظم نے کہا کہ اس اسکیم کا سب سے بڑا فائدہ لوگوں کی صحت کو ہوگا۔ اگر انہیں پینے کا صاف پانی ملے گا تو انھیں پانی سے پیدا ہونے والی بیماریوں سے نجات ملے گی اور غریبوں کے علاج پر خرچ ہونے والی رقم کی بچت ہوگی۔