نئی دہلی 30 جون (یو این آئی) سنٹرل انڈسٹریل سیکورٹی فورس (سی آئی ایس ایف) نے خواتین کو با اختیار بنانے کی سمت میں ایک تاریخی کامیابی حاصل کی ہے اور فورس میں انسپکٹر جنرل کے عہدے پر کام کرنے والے افسران میں سے نصف یعنی پچاس فیصد خواتین ہیں سی آئی ایس ایف نے پیر کو سوشل میڈیا پر یہ اطلاعات شیئر کرتے ہوئے کہا کہ فورس نے ایک تاریخی کامیابی حاصل کی ہے۔ فورس میں انسپکٹر جنرل (آئی جی) کے عہدے پر 50 فیصد کیڈر افسران خواتین ہیں، جو خواتین کو بااختیار بنانے ، صنفی مساوات اور قیادت میں خواتین کی شرکت کے تئیں فورس کے عزم کا ثبوت
ہے۔
یہ ملک کی تمام مسلح افواج میں خواتین افسران کا سب سے زیادہ تناسب ہے۔ یہ افسران فورس کے بڑے محکموں اور فیلڈ فارمیشنز کی قیادت کر رہے ہیں۔ فورس نے کہا ہے کہ یہ خواتین کو با اختیار بنانے، صنفی مساوات اور قیادت میں شرکت کے تئیں فورس کے عزم کا ثبوت ہے اور ناری شکتی کو قومی سلامتی میں شامل کرنے کی ملک کی کوششوں کے مطابق ہے۔
قیادت کے عہدوں پر خواتین کی تعداد میں اضافہ سی آئی ایس ایف کے سفر میں ایک اہم سنگ میل ہے اور اس طرح یہ فورس یونیفار مڈ خدمات میں خواتین کی مناسب نمائندگی اور بامعنی شرکت کے لیے اہم کردار ادا کر رہی ہے۔