نئی دہلی ، 18 فروری (یو این آئی) بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) کے صدر جگت پرکاش نڈا نے منگل کو ممبر پارلیمنٹ سروج پانڈے کو دہلی اسمبلی میں قانون ساز پارٹی کا قائد منتخب کرنے کے لئے مرکزی مبصر مقرر کیا ہے۔
محترمہ پانڈے حالیہ اختتام پذیر دہلی اسمبلی انتخابات میں کامیابی حاصل کرنے والے بی جے پی کے آٹھ ممبران اسمبلی سے ایک میٹنگ کریں گی اور اپوزیشن لیڈر کے لئے مشورہ کریں گی۔
چھٹی دہلی اسمبلی میں بی جے پی کے تین ایم ایل اے تھے اور روہنی سے ایم ایل اے وجیندر گپتا حزب اختلاف کے قائد تھے۔ مسٹر گپتا ایک بار پھر روہنی سے فاتح بن کر سامنے آئے ہیں اور انہوں نے عام آدمی پارٹی (آپ) کے
امیدوار راجیش ناما بنسی والا کو 12 ہزار سے زیادہ ووٹوں سے شکست دی ہے۔
پچھلی اسمبلی میں بی جے پی ایم ایل اے اوم پرکاش شرما بھی وشواس نگر سے ایک بار پھر کامیابی حاصل کی ہے جبکہ جگدیش پردھان اس بار مصطفی آباد سے انتخاب ہار گئے۔
اس بار کراول نگر سے جیتنے والے موہن سنگھ بشٹ ، اور بدر پور سے فاتح رام ویر سنگھ وڈھوری پہلے بھی کئی بار ایم ایل اے رہ چکے ہیں۔
شری اروند کیجریوال کی سربراہی میں عام آدمی پارٹی (آپ) نے بھی اس بار دہلی میں زبردست فتح حاصل کی ہے اور دہلی قانون ساز اسمبلی کی 70 میں سے 62 نشستوں پر کامیابی حاصل کی ہے۔ بی جے پی کو آٹھ سیٹیں ملی ہیں اور کانگریس کی جھولی ایک بار پھر خالی رہی۔