وینزویلا/24جنوری(ایجنسی) سیاسی انتشار کے حامل ملک وینزویلا کے حالات و واقعات پر نگاہ رکھنے والے مبصر گروپ وینزویلین آبزرویٹری برائے سماجی تنازعات کے کوآرڈینیٹر مارکو پونس کے مطابق حکومت مخالف مظاہرین پر گولیاں چلانے سے کم از کم بارہ افراد مارے گئے ہیں۔ پونس کے مطابق دارالحکومت کاراکس اور گرد و نواح میں مسلسل تین راتوں سے لوٹ مار
کے ساتھ ساتھ مظاہرین اور پولیس کے درمیان جھڑپوں کا سلسلہ جاری ہے۔ انسانی حقوق کی بین الاقوامی تنظیم ایمنسٹی انٹرنیشنل نے صدر مادورو سے درخواست کی ہے کہ وہ مظاہرین کے حقوق کا احترام کریں اور ریاستی جبر کے سلسلے کو ترک کریں۔ اس وقت اس ملک میں صدر نکولاس مادورو اور پارلیمنٹ کے نوجوان اسپیکر گوائیڈو کے درمیان اقتدار کی رسہ کشی شدت اختیار کر چکی ہے۔