سری نگر ، 17اگست (ایجنسی) شمالی کشمیر کے ضلع کپواڑہ کے کرال گنڈ ہندواڑہ میں جمعہ کی علی الصبح جنگجوؤں اور سیکورٹی فورسز کے درمیان فائرنگ کے تبادلے میں ایک فوجی اہلکار جاں بحق ہوا۔
دریں اثنا ضلع بانڈی پورہ کے حاجن میں جنگجوؤں اور سیکورٹی فورسز کے درمیان مسلح تصادم شروع ہوا ہے۔ مسلح تصادم کے مقام پر احتجاجیوں کی سیکورٹی فورسز کے ساتھ جھڑپیں
ہونے کی اطلاعات موصول ہوئی ہیں۔
سرکاری ذرائع نے بتایا کہ فوج کی 32 راشٹریہ رائفلز (آر آر) نے جمعہ کی علی الصبح کرال گنڈ ہندواڑہ کے کاچلو نامی گاؤں میں کارڈن اینڈ سرچ آپریشن شروع کیا۔ انہوں نے بتایا "تلاشی آپریشن کے دوران گاؤں میں موجود جنگجوؤں نے فوجیوں کو نشانہ بناکر اندھا دھند فائرنگ کی جس کے نتیجے میں ایک فوجی اہلکار گولیاں لگنے سے شدید طور پر زخمی ہوا"۔