نئی دہلی،13اپریل(ایجنسی) کانگریس نے مودی حکومت سے اپنے ان قریبی سرمایہ داروں کے ناموں کا انکشاف کرنے کا مطالبہ کیا ہے جن کے 5.5 لاکھ کروڑ روپیے کے قرض گذشتہ پانچ برسوں میں معاف کیے گئے ہیں۔ کانگریس کے ترجمان ابھیشیک منو سنگھوی نے آج یہاں ایک پریس کانفرنس میں کہا کہ مودی حکومت نے سنہ 2014 سے 2019 کے درمیان چند سرمایہ داروں کے 5.5 لاکھ کروڑ روپیے کے قرض معاف کیے ہیں۔ ان میں سے 1.56 لاکھ کروڑ روپیے کے قرض گذشتہ ایک سال میں معاف کیے گئے۔ یہ سرمایہ داروں کے ساتھ سانٹھ گانٹھ کی یہ سب سے گھٹیا مثال ہے۔
Nastaleeq"; font-size: 18px; text-align: start;">انہوں نے کہا کہ گذشتہ 10 برسوں میں سرمایہ داروں کے 7 لاکھ کروڑ روپیے کے قرض معاف کیے گئے ہیں جن میں سے 80 فیصدقرض تنہا مودی حکومت نے گذشتہ پانچ برسوں میں معاف کیا ہے۔ حکومت نے اس طرح ہر سال اوسطاً ایک لاکھ کروڑ روپیے سے زیادہ کا قرض معاف کیا۔ انہوں نے الزام عائد کیا کہ کسانوں کے لیے مودی حکومت کے پاس پیسے کی کمی ہے جبکہ سرمایہ داروں کے لیے وہ لوٹ مچارہی ہے۔ کانگریس نے کہا کہ اس سے متعصب اور جانبدارانہ رویے کا پتہ چلتا ہے کہ کسانوں کے ساتھ ناانصافی کر رہی ہے اور سرمایہ داروں کو فائدہ پہنچا رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ کانگریس حکومت مطالبہ کرتی ہے کہ حکومت ان سرمایہ داروں کے ناموں کا انکشاف کرے جن کے قرض معاف کیے گئے ہیں۔