راست:
آل انڈیا مجلس اتحادالمسلمین کے صدر بیرسٹر اسدالدین اویسی سے عقیدت و محبت کا اظہار کرتے ہوئے علی گڑھ (اترپردیش) سے تعلق رکھنے والا ایک نوجوان امن پیدل سفر کرتے ہوئے دارالسلام، حیدرآباد پہنچنے کے ارادے سے روانہ ہوا۔ یہ نوجوان آج عادل آباد پہنچا جہاں پر مجلس کے ٹاؤن صدر نزیر احمد کی قیادت میں مقامی مجلسی کارکنوں نے اس کا شاندار استقبال کیا۔ اس موقع پر امن کو شال اڑھایا گیا اور گلپوشی
کی گئی۔بعد ازاں میڈیا سے بات کرتے ہوئے نزیر احمد نے بتایا کہ یہ نوجوان صرف محبت و عقیدت کی بنیاد پر صدر مجلس اسدالدین اویسی سے ملاقات کے لئے عزم کے ساتھ نکلا ہے۔ امن نے بھی میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ آل انڈیا مجلس اتحادالمسلمین کے صدر بیرسٹر اسدالدین اویسی مسلمانوں کے حقیقی رہنما ہیں اور ان سے ملاقات زندگی کی سب سے بڑی سعادت ہوگی۔ مجلس کے مقامی قائدین اور کارکنوں نے امن کے اس جذبہ کی ستائش کی اور اسے حیدرآباد کے لئے نیک تمناؤں کے ساتھ رخصت کیا۔