حیدرآباد 16 دسمبر 2025 (اعتماد نیوز) گریٹرحیدرآباد میونسپل کارپوریشن کی میئر گدوال وجیہ لکشمی کی صدارت میں خصوصی کونسل کا اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس میں ڈویژنس کی حد بندی سے متعلق ابتدائی نوٹیفکیشن کو عہدیداروں نے پیش کیا۔ اس موقع پر ارکان اسمبلی ڈی ناگیندر، سرینواس یادو، ایم ایل سی بالموری وینکٹ اور متعدد کارپوریٹرس نے ڈویژنس کی تقسیم پر اپنے خیالات پیش کئے اور حد بندی پر شدید اعتراضات درج کرائے۔ ارکان نے کہا کہ یہ واضح نہیں ہے کہ ڈیویژن کی تقسیم کس
بنیاد پر کی گئی ہے، جس پر انہوں نے اپنی ناراضگی کا اظہار کیا۔اسی دوران ڈویژنس کی نئی حد بندی کے خلاف بی جے پی کارپوریٹرس نے جی ایچ ایم سی دفتر کے باہر احتجاج کیا۔ ہاتھوں میں پلے کارڈس لے کر نعرے لگائے۔ مظاہرین کا کہنا تھا کہ ان سے مشورہ کئے بغیر ہی ڈویژنس کی تعداد بڑھائی جا رہی ہے۔ بی جے پی کارپوریٹرس نے الزام عائد کیا کہ بی آر ایس اور کانگریس، ایم آئی ایم کے فائدے کے لئے یہ حد بندی کر رہی ہیں۔ انھوں نے کہا کہ آنے والے انتخابات میں بی جے پی کو شکست دینے کے لئے تینوں پارٹیاں متحد ہورہی ہیں۔