حیدرآباد میں ریڈ ہلز واقع سنگارینی بھون کے گھیراؤ اور احتجاج کے بعد سنگارینی کالریز کمپنی لمیٹڈ کے انتظامیہ نے کلواکنٹلہ کویتا سے مذاکرات شروع کردیئے۔ HMS اور تلنگانہ رکشنا سینا کے پرچم تلے سینکڑوں مزدوروں اور کارکنوں نے احتجاج کرتے ہوئے سنگارینی کے 40 ہزار ملازمین کے مسائل حل کرنے کا مطالبہ کیا۔ کویتا نے انتظامیہ کو مطالبات کی یکسوئی کے لیے 60 دن کی مہلت دیتے ہوئے خبردار کیا کہ مطالبات حل نہ ہونے پر وہ سنگارینی بھون کے سامنے غیر معینہ مدت کی بھوک ہڑتال شروع کریں گی۔
کویتا نے مزدوروں کے 11 اہم مطالبات پیش کیے، جن میں 35 فیصد منافع/بونس ورکرس کو دینا، انحصاری ملازمتوں کی منظوری، خالی جونیئر اسسٹنٹ عہدوں پر تقررات، میڈیکل بورڈ کے مسائل کا فوری حل، ہر ماہ دو مرتبہ میڈیکل بورڈ کا انعقاد، عرفی ناموں سے درج ملازمین کے سروس مسائل کا حل، ذاتی مکان ا سکیم کے تحت ہر ورکر کو 2 گنٹے زمین، نئے کوئلہ بلاکس حاصل کرنا، ورکرس کا انکم ٹیکس ختم کرنا، کنٹریکٹ مزدوروں کو ہائی پاور کمیٹی کے مطابق اجرت اور حکومت پر واجب 62 ہزار کروڑ روپے کے بقایاجات کی ادائیگی شامل ہیں۔