حیدرآباد: علامہ محمد اقبال کے یوم پیدائش کے موقع پر تلنگانہ اردو اکیڈیمی کی جانب سے پیر 9 نومبر کو سیف آباد میں واقع اقبال مینار پر شاعر مشرق کو بھرپور خراج عقیدت پیش کیا گیا۔ اس موقع پر پروفیسر ایس اے شکور، ڈائرکٹر CDEM نے تلنگانہ اردو اکیڈیمی کی جانب سے اقبال مینار پر پھولوں کی چادر چڑھائی اور علامہ اقبال کی ادبی، فکری اور فلسفیانہ خدمات کو خراج تحسین پیش
کیا۔ تقریب میں اردو اکیڈیمی کے عہدیداروں اور اسٹاف نے شرکت کرتے ہوئے علامہ اقبال کا قومی ترانہ بھی پڑھا۔ اس موقع پر پروفیسر محمد افضل الدین اقبال مرحوم کی مرتب کردہ کتاب ’’علامہ اقبال کی نظمیں (بچوں کے لیے)‘‘ کی رسم اجرائی بھی پروفیسر ایس اے شکور کے ہاتھوں عمل میں آئی۔ تلنگانہ اردو اکیڈیمی نے اس موقع پر اردو زبان، ادب اور تہذیبی ورثے کے تحفظ کے اپنے عزم کا اعادہ کیا۔