تلنگانہ 11 دسمبر 2025 (ذرائع) تلنگانہ میں پہلے مرحلے کی پنچایت انتخابات کی پولنگ جمعرات کی صبح 7 بجے شروع ہوگئی۔ ریاست بھر میں ووٹروں کی بڑی تعداد پولنگ مراکز کے باہر قطاروں میں کھڑی نظر آئی اور لوگ پر جوش انداز میں اپنے ووٹ کا حق استعمال کر رہے ہیں۔ پولنگ دوپہر ایک بجے تک جاری رہے گی، جس کے بعد دوپہر 2 بجے سے ووٹوں کی گنتی کا عمل شروع ہوگا اور نتائج بھی اسی روز
جاری کر دیئے جائیں گے۔الیکشن کمیشن کے مطابق، نتائج کے اعلان کے بعد پنچایت راج ایکٹ 2018 کے تحت نائب سرپنچ کے انتخابات بھی منعقد کئے جائیں گے۔پہلے مرحلے میں کل 4,236 سرپنچ عہدوں کے لئے نوٹیفکیشن جاری کیا گیا تھا، جن میں سے 396 سرپنچ نشستیں اور 9,633 وارڈ نشستیں بلامقابلہ منتخب ہوچکی ہیں۔ باقی 3,834 سرپنچ عہدوں کے لئے مقابلہ جاری ہے، جن میں مجموعی طور پر 12,960 امیدوار میدان میں ہیں۔