تلنگانہ کے وزیر برائے بہبود اڈلوری لکشمن کمار نے جگتیال ضلع میں 13 ہزار 913 مستحق افراد کو نئے پنشن کی منظوری کے مکتوبات تقسیم کیے۔ اس پروگرام میں رکن اسمبلی جگتیال ڈاکٹر سنجے کمار اور ضلع کلکٹر بی ستیہ پرساد بھی موجود تھے۔ حکام کے مطابق ضلع میں نئے پنشن کے لیے 18 ہزار 955
درخواستیں موصول ہوئی تھیں، جن میں سے جانچ کے بعد 13 ہزار 913 افراد کو اہل قرار دیا گیا ہے۔ ان میں 6,434 بیوائیں، 2,710 معذور افراد، 1,714 تنہا خواتین اور دیگر زمروں کے مستحقین شامل ہیں۔ معذور افراد کو ماہانہ 4,016 روپے جبکہ دیگر مستحقین کو 2,016 روپے پنشن دی جائے گی۔ وزیر نے کہا کہ وزیر اعلیٰ ریونت ریڈی کی قیادت میں حکومت ہر مستحق فرد تک فلاحی اسکیموں کے فوائد پہنچانے کے لیے پابند عہد ہے۔ انہوں نے مزید بتایا کہ باقی اہل درخواست گزاروں کے لیے خصوصی کاؤنٹر قائم کیے جائیں گے تاکہ ان کی درخواستوں کی دوبارہ جانچ کی جاسکے۔