تلنگانہ 5 جنوری 2026 (اعتماد نیوز) تلنگانہ حکومت کی جانب سے بلدی انتخابات بیلٹ پیپر کے ذریعے کرانے کا فیصلہ کیے جانے کی اطلاعات ہیں۔ ذرائع کے مطابق متعلقہ عہدیداروں کو بیلٹ باکس پیشگی تیار رکھنے کی ہدایت دی گئی ہے۔واضح رہے کہ 2014 میں بلدی انتخابات ای وی ایم کے ذریعہ ہوئے تھے، جب کہ 2020 میں کورونا وبا کے باعث بیلٹ پیپر استعمال کیا گیا تھا۔ اس بار اگرچہ ای وی ایم کا امکان تھا، تاہم شفافیت اور آسانی کے پیش نظر بیلٹ
پیپر کو ترجیح دی گئی ہے۔ ای وی ایم پر عوام اور بعض سیاسی حلقوں میں پائی جانے والی بے اعتمادی کو بھی ایک وجہ بتایا جا رہا ہے، تاہم اس تعلق سے ریاستی الیکشن کمیشن کا باضابطہ اعلان ابھی باقی ہے۔ادھر حتمی ووٹر لسٹ 10 جنوری کو جاری کی جائے گی، جب کہ مسودہ فہرست یکم جنوری کو شائع ہو چکی ہے۔ بلدی انتخابات کا شیڈول اسی ماہ 11 یا 20 تاریخ کو جاری ہونے کی قیاس آرائیاں ہیں۔ فی الوقت ریاست کی 117 بلدیات اور 6 کارپوریشنوں میں انتخابات ہونے والے ہیں۔