ذرائع:
سعودی عرب کے مدینہ روڈ پر عمرہ زائرین کی بس اور ٹینکر کے درمیان خوفناک حادثہ میں جاں بحق ہونے والے تلنگانہ کے زائرین کے اہلِ خانہ کی امداد کے لیے تلنگانہ حکومت نے اہم اقدامات کا اعلان کیا ہے۔ ریاستی مشیر محمد علی شبیر نے پیر کے روز بتایا کہ کابینہ نے ہر متاثرہ خاندان کو 5 لاکھ روپے ایکس گریشیا فراہم کرنے کی منظوری دے دی ہے۔ یہ فیصلہ آج چیف منسٹر اے۔ریونت ریڈی کی صدارت میں
منعقدہ کابینہ اجلاس میں کیا گیا۔ ڈاکٹر بی آر امبیڈکر سکریٹریٹ میں وزیر پونگلیٹی سرینواس ریڈی اور ادلوری لکشمن کمار کے ساتھ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے محمد علی شبیر نے بتایا کہ ممکنہ طور پر 44 عمرہ زائرین اس حادثے میں جاں بحق ہوئے، جن کی بس مکہ سے مدینہ جاتی ہوئی تقریباً 25 کلو میٹر پہلے ٹینکر سے ٹکرا گئی۔ انہوں نے کہا کہ حادثہ اتنا شدید تھا کہ تقریباً تمام افراد موقع پر ہی لقمۂ اجل بن گئے اور مقامِ حادثہ دل دہلانے والے مناظر پیش کر رہا تھا۔