تلنگانہ کے ڈی جی پی سی وی آنند آئی پی ایس نے سندیپ شانڈلیہ کی قیادت میں کام کرنے والی تلنگانہ ایگل فورس کو ملک کی بہترین اینٹی نارکوٹکس ٹاسک فورس کا اعزاز حاصل کرنے پر مبارکباد پیش کی۔ نئی دہلی میں منعقدہ اینٹی نارکوٹکس ٹاسک فورس سربراہان کی تیسری قومی کانفرنس میں مرکزی وزیر داخلہ امیت شاہ نے تلنگانہ ایگل فورس کو یہ اعزاز دیا۔ ڈی جی پی نے کہا کہ یہ کامیابی منشیات کی اسمگلنگ کے خلاف تلنگانہ پولیس کی مسلسل اور مؤثر
کارروائیوں کا نتیجہ ہے۔ کانفرنس میں مصنوعی منشیات، خفیہ لیبارٹریوں، ڈرگ نیٹ ورکس اور ڈارک نیٹ و کرپٹو کرنسی کے ذریعے ہونے والی جرائم کی تحقیقات پر بھی توجہ دی جارہی ہے۔ سی وی آنند نے کہا کہ تلنگانہ پولیس نے سائبر کرائم اور اینٹی نارکوٹکس آپریشنز جیسے دو اہم شعبوں میں نمایاں مقام حاصل کیا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ محکمہ پولیس اب نئے فوجداری قوانین، آئی سی جے ایس اور سی سی ٹی این ایس کے نفاذ سمیت دیگر شعبوں میں بہتری کے لیے خصوصی مہم چلا رہا ہے۔