ذرائع:
داووس میں منعقدہ عالمی معاشی فورم کے موقع پر تلنگانہ کے وزیر اعلیٰ ریونت ریڈی نے ٹاٹا گروپ کے چیئرمین نٹاراجن چندر شیکھرن سے ملاقات کی۔ اس موقع پر چیف منسٹر نے ریاست کے طویل مدتی ترقیاتی منصوبے ویژن–2047 کے اہداف اور سرمایہ کاری کے لیے حکومت تلنگانہ کی موافق پالیسیوں کی تفصیلی وضاحت کی۔چیف منسٹر ریونت ریڈی نے حیدرآباد میں اسٹیڈیموں کی ترقی اور جدید سہولتوں سے آراستہ کرنے کے لیے ٹاٹا گروپ کے تعاون کی خواہش ظاہر کی، جس پر ٹاٹا چیئرمین نے اسٹیڈیموں کے اپ گریڈیشن میں تعاون کے لیے آمادگی ظاہر
کی۔ملاقات کے دوران چیف منسٹر نے حیدرآباد کی تاریخی موسیٰ ندی کی بحالی اور احیاء کے منصوبے پر بھی تبادلہ خیال کیا، جس میں ٹاٹا گروپ نے شراکت داری میں دلچسپی ظاہر کی۔ اس کے علاوہ تلنگانہ میں ہوٹلس اور ریزورٹس کے قیام، سیاحتی شعبے کی ترقی اور ریاست میں نئے مینوفیکچرنگ یونٹس قائم کرنے کے امکانات پر بھی مثبت گفتگو ہوئی۔
چیف منسٹر نے اس بات پر زور دیا کہ تلنگانہ سرمایہ کاروں کے لیے ایک سازگار اور محفوظ ریاست ہے، جہاں صنعتی ترقی، بنیادی ڈھانچے اور روزگار کے وسیع مواقع موجود ہیں، جبکہ ٹاٹا گروپ نے ریاست میں طویل مدتی سرمایہ کاری کے امکانات کا جائزہ لینے پر آمادگی ظاہر کی۔