تلنگانہ 26 نومبر 2025 (ذرائع) حیدرآباد کے شمس آباد میں واقع جی ایم آر ایرو پارک میں سفران ایرکرافٹ انجن سروس انڈیا کے ’’لیف‘‘ انجن دیکھ بھال مرکز کا افتتاح اور ایم۔88 انجن دیکھ بھال مرکز کی سنگِ بنیاد تقریب چیف منسٹر ریونت ریڈی کی موجودگی میں انجام پائی۔تقریب سے خطاب کرتے ہوئے چیف منسٹر ریونت ریڈی نے کہا کہ سفران کمپنی نے تلنگانہ پر بھروسہ کرتے ہوئے حیدرآباد کا انتخاب کیا،
جو ریاست کے لیے باعثِ مسرت اور فخر ہے۔ انہوں نے اسے ہوائی خلائی اور دفاعی شعبے میں تلنگانہ کی ترقی کا اہم سنگِ میل قرار دیا۔یہ مرکز بھارت میں ’’لیف‘‘ انجنوں کی دیکھ بھال، مرمت اور مکمل جانچ کے لیے اپنی نوعیت کا پہلا ادارہ ہے۔ اس کے قیام سے ایک ہزار سے زائد ماہر کاریگروں اور انجینئروں کو روزگار حاصل ہوگا، جب کہ مقامی چھوٹی صنعتوں اور انجینئرنگ کمپنیوں کے لیے نئے کاروباری مواقع پیدا ہوں گے۔