حیدرآباد،١٥ اگسٹ (ذرائع) تلنگانہ کے وزیر اعلیٰ اے ریونت ریڈی نے جمعہ کے روز تاریخی گولکنڈہ قلعہ میں قومی پرچم لہرایا، جہاں جوش و جذبہ کے ساتھ 79واں یوم آزادی کی تقریب ہوئی۔ تقریب کا آغاز روایتی پریڈ، آزادی کی جدوجہد پر مبنی ثقافتی جھانکیوں اور تلنگانہ کی کامیابیوں کو اجاگر کرنے والے فنکارانہ مظاہروں سے ہوا۔
صبح وزیر اعلیٰ
نے سکندرآباد میں آرمی وار میموریل پر پھول چڑھائے اور اپنی رہائش گاہ پر بھی پرچم کشائی کی۔ گولکنڈہ میں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے مہاتما گاندھی، جواہر لال نہرو، ڈاکٹر بی آر امبیڈکر، سردار ولبھ بھائی پٹیل اور بے شمار شہداء کو خراج عقیدت پیش کیا اور تلنگانہ ریاست کے قیام کی تحریک میں جان قربان کرنے والوں کی قربانیوں کو یاد کیا۔