ذرائع:
تلنگانہ اسمبلی کا سرمائی اجلاس کل پیر سے شروع ہو رہا ہے اور امکان ہے کہ یہ اجلاس جنوری کے پہلے ہفتے تک جاری رہے گا ۔ ان اجلاس کو سیاسی طور پر خاص اہمیت اس لیے حاصل ہو گئی ہے کہ بی آر ایس کے سربراہ اور سابق چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ اس میں شرکت کرنے والے ہیں۔ گزشتہ چند اجلاسوں سے صحت اور دیگر وجوہات کی بنا پر دور رہنے کے بعد کے سی آر کی دوبارہ ایوان میں واپسی نے سیاسی حلقوں میں
دلچسپی بڑھا دی ہے۔اجلاس کے دوران دریائے کرشنا اور گوداوری کے پانی کے حقوق کے تحفظ، پالامورو-رنگا ریڈی لفٹ اِریگیشن پراجکٹ کے لیے پانی کی الاٹمنٹ میں کمی، کانگریس حکومت کے دو سالہ اقتدار کا جائزہ، انتخابی وعدوں پر عمل آوری میں خامیاں اور کسانوں کی قرض معافی کے نفاذ جیسے امور پر بی آر ایس کی جانب سے حکومت کو سخت سوالات کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔ان تمام حالات کے پیش نظر تلنگانہ اسمبلی کا یہ اجلاس سیاسی طور پر نہایت اہم اور ہنگامہ خیز رہنے کے امکانات ہیں۔