ذرائع:
ہریانہ کے پانی پت میں تبلیغی جماعت کے عظیم الشان اجتماع کا روح پرور منظر، لاکھوں فرزندانِ توحید کی شرکت، نظم و ضبط اور خود احتسابی کی ایسی مثال کہ ہر کوئی حیران رہ گیا۔ہریانہ کے ضلع پانی پت کے گاؤں رانا مجرا میں تین روزہ تبلیغی جماعت کے اجتماع کا انعقاد عمل میں آیا، جس میں ملک کے مختلف علاقوں سے لاکھوں مسلمانوں نے شرکت کی۔ اس عظیم اجتماع میں معروف عالمِ دین مولانا سعد کاندھلوی نے خطاب کیا۔ اجتماع کا بنیادی مقصد دینی تعلیمات، اصلاحِ معاشرہ، نماز، دعوت و تبلیغ اور اسلامی زندگی کے اصولوں کو عام کرنا تھا۔ اس اجتماع کی ایک خاص بات شرکاء کا مثالی نظم و ضبط رہا۔ لاکھوں افراد کی موجودگی کے باوجود نہ نعرے بازی، نہ شور شرابہ اور نہ ہی بدنظمی دیکھنے میں آئی۔ شرکاء نے مکمل
صبر و تحمل اور خود نظم و ضبط کا مظاہرہ کیا۔ اجتماع کے دوران سوشل میڈیا پر وائرل ہونے والی ویڈیوز میں شرکاء کے نظم و ضبط کے مناظر بھی دیکھے جاسکتے ہیں، جہاں اتنی بڑی تعداد کے باوجود انتظامات خوش اسلوبی سے جاری رہے۔ اس اجتماع میں اترپردیش کے علاقے کیرانہ اور اس کے اطراف کے دیہات سے بھی بڑی تعداد میں مسلمانوں نے شرکت کی۔ خاص طور پر منڈاور اور بسیرا گاؤں کے لوگ دریائے یمنا عبور کرکے اجتماع میں پہنچے۔ واضح رہے کہ گاؤں رانا مجرا دریائے یمنا کے قریب واقع ہے، جو اترپردیش اور ہریانہ کے درمیان سرحد بناتا ہے۔ اسی وجہ سے اترپردیش کے مختلف علاقوں سے آنے والے افراد نے دریا عبور کرکے اجتماع میں شرکت کی۔ یہ اجتماع نہ صرف دینی جذبے بلکہ اتحاد، بھائی چارے، صبر اور مثالی نظم و ضبط کا بھی ایک نمایاں منظر پیش کرگیا۔