ذرائع:
خیرت آباد کے رکن اسمبلی دانم ناگیندر کی نااہلی سے متعلق دائر درخواست پر سپریم کورٹ چہارشنبہ کو سماعت کرے گی۔ پارٹی تبدیل کرنے کے معاملے میں تلنگانہ ہائی کورٹ کے فیصلے کو چیلنج کرتے ہوئے دانم ناگیندر نے ہفتہ کے روز سپریم کورٹ سے رجوع کیا تھا۔اس درخواست کو سینئر وکیل مکل روہتگی نے آج سپریم کورٹ میں پیش کیا۔ انہوں نے عدالت کو بتایا کہ اسپیکر کی جانب سے مسترد کی گئی درخواست کو قبول کرتے ہوئے ہائی کورٹ نے ناگیندر کو نااہل قرار دیا ہے۔ انہوں نے فوری سماعت کی درخواست کرتے ہوئے کہا کہ اگر معاملے کی جلد سماعت
نہ ہوئی تو خیرت آباد اسمبلی حلقے میں ضمنی انتخاب کی نوبت آسکتی ہے۔
ناگیندر کے وکیل کی اس درخواست کی مخالف فریق کے وکلا نے سخت مخالفت کی۔ بی جے پی ایل پی لیڈر مہیشور ریڈی اور بی آر ایس رکن اسمبلی پادی کوشک ریڈی کے وکلا نے عدالت کو بتایا کہ ان کے موکل پہلے ہی سپریم کورٹ میں کیویٹ داخل کرچکے ہیں۔ انہوں نے درخواست کی کہ معاملے کی سماعت چہارشنبہ کے بجائے کسی اور دن کی جائے۔دونوں فریقوں کے دلائل سننے کے بعد چیف جسٹس کی سربراہی والی بنچ نے درخواست کو سماعت کے لیے منظور کرلیا اور واضح کیا کہ معاملے کی سماعت چہارشنبہ کو کی جائے گی۔