تلنگانہ کے چیف الیکٹورل آفیسر سی سدرشن ریڈی نے مسلمہ سیاسی جماعتوں کے نمائندوں کے ساتھ اجلاس منعقد کیا۔اس اجلاس میں مجلس کی جانب سے رکن اسمبلی کوثر محی الدین اور رکن کونسل مرزا رحمت بیگ قادری نے شرکت کی .اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے چیف الیکٹورل آفیسر سی سدرشن ریڈی نے بتایا کہ SIR-2026 کے تحت 25 جون 2026 سے 10 اگست 2026 تک جاری رہنے والا اینیومریشن مرحلہ کامیابی کے ساتھ مکمل کرلیا گیا ہے۔ انہوں نے سیاسی جماعتوں کے نمائندوں کو اس مرحلے سے متعلق اہم تفصیلات سے واقف کرایا۔انہوں نے بتایا کہ ریاست بھر میں ووٹرس سے 2.65
کروڑ اینیومریشن فارمس حاصل ہوئے ہیں، جو مجموعی ووٹرس کا 78.30 فیصد ہیں۔ اجلاس میں فوت ہوچکے ووٹرس، مستقل طور پر ہجرت کر جانے والے افراد، دستیاب نہ ہونے والے یا غیر حاضر ووٹرس، دیگر زمروں میں شامل ووٹرس کے علاوہ ایک سے زائد مقامات کی ووٹر فہرستوں میں نام درج ہونے والے ووٹرس سے متعلق تفصیلات بھی پیش کی گئیں۔چیف الیکٹورل آفیسر نے سیاسی جماعتوں کے نمائندوں کو ریاست میں ڈرافٹ ووٹر لسٹ کی اشاعت کے ساتھ ساتھ 17 اگست 2026 سے 16 ستمبر 2026 تک جاری رہنے والے دعووں اور اعتراضات کے مرحلے کے لیے کی گئی تیاریوں کے بارے میں بھی تفصیلی طور پر بتایا۔