حیدرآباد: مجلس اتحاد المسلمین کے نامپلی رکنِ اسمبلی ماجد حسین نے منگل کے روز ’سالارِ ملت سبسڈی گیس سلنڈر اسکیم‘ کے آٹھویں مرحلے کے تحت مستحق خاندانوں میں رعایتی ایل پی جی گیس سلنڈرز تقسیم کیے۔ اس موقع پر سڑک حادثات کی روک تھام کے لیے ہیلمٹس بھی فراہم کیے گئے۔ رکن اسمبلی ماجد حسین نے بتایا کہ اب تک نامپلی اسمبلی حلقہ کے تقریباً 800 خاندان اس اسکیم سے استفادہ کر چکے ہیں اور درخواستوں کی وصولی مکمل ہونے تک سلنڈرز کی تقسیم کا عمل جاری رہے گا۔ انہوں نے واضح کیا کہ یہ فلاحی اسکیم مکمل طور پر آل انڈیا مجلس اتحادالمسلمین کی جانب سے چلائی جا رہی ہے، جس میں کسی سرکاری فنڈ کا استعمال نہیں کیا جا رہا۔ انہوں نے مزید بتایا کہ اسکیم کے تحت قرعہ اندازی کے ذریعے 10 خوش
نصیب خاندانوں کو صرف 500 روپے میں گیس سلنڈر فراہم کیا گیا، جبکہ باقی 3,500 روپے کی رقم انہیں واپس کی گئی۔اس موقع پر ہیلمٹس کی تقسیم کے حوالے سے بات کرتے ہوئے رکن اسمبلی نے کہا کہ ہیلمٹ نہ پہننے کے باعث سڑک حادثات میں کئی نوجوان اپنی جانیں گنوا چکے ہیں، اسی لیے اس اقدام کا مقصد عوام خصوصاً نوجوانوں میں ٹریفک قوانین اور محفوظ سواری کے تئیں شعور بیدار کرنا ہے۔ رکن اسمبلی نے اہلِ علاقہ سے اپیل کی کہ وہ سالارِ ملت سبسڈی گیس سلنڈر اسکیم کے لیے درخواستیں جمع کرائیں اور غریب و مستحق افراد کے لیے شروع کی گئی فلاحی اسکیموں سے بھرپور فائدہ اٹھائیں۔ انہوں نے کہا کہ یہ پروگرام معاشی طور پر کمزور طبقات کی مدد، عوامی فلاح و بہبود اور سڑک تحفظ کے تئیں اے آئی ایم آئی ایم کے عزم کی عکاسی کرتا ہے۔