حیدرآباد 25 مارچ 2026 (اعتماد نیوز) حیدرآباد میں پیٹرول اور ڈیزل کی قلت کی افواہوں کو بے بنیاد قرار دے دیا گیا ہے۔ حیدرآباد سٹی پولیس کمشنر وی سی سجنار اور ضلع کلکٹر ہری چندن نے عوام سے افواہوں پر یقین نہ کرنے کی اپیل کی ہے۔ حکام کے مطابق تلنگانہ میں 60 دنوں کے لیے پیٹرول اور ڈیزل کا وافر ذخیرہ موجود ہے اور سپلائی میں کوئی رکاوٹ نہیں ہے۔ سوشل میڈیا پر
پھیلائی گئی غلط خبروں کی وجہ سے بعض مقامات پر پٹرول پمپس پر لمبی قطاریں دیکھی گئیں۔ حکام نے خبردار کیا ہے کہ مصنوعی قلت پیدا کرنے یا افواہیں پھیلانے والوں کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی۔ پولیس سوشل میڈیا پر نظر رکھے ہوئے ہے اور شہر کے 186 پٹرول پمپس پر صورتحال کا جائزہ لیا جا رہا ہے۔ عوام سے اپیل کی گئی ہے کہ وہ گھبرائیں نہیں اور صرف سرکاری معلومات پر بھروسہ کریں۔