دہلی 12 فروری 2026 (اعتماد نیوز) چیف منسٹر ریونت ریڈی نے دہلی کے دورے کے دوران آج مرکزی وزیرِ دفاع راجناتھ سنگھ سے ملاقات کی اور انہیں فروری کے آخری ہفتے میں منعقد ہونے والی گاندھی سروور پروجیکٹ کی سنگِ بنیاد تقریب میں شرکت کی دعوت دی۔ چیف منسٹر نے بتایا کہ یہ تقریب عیسیٰ اور موسیٰ ندیوں کے سنگم مقام پر منعقد کی جا رہی ہے اور 1948 کے فروری میں مہاتما گاندھی کی چتا کی راکھ بھی اسی مقام پر نذرِ
آب کی گئی تھی۔ انہوں نے وضاحت کی کہ موسیٰ ندی کی بازآبادکاری منصوبہ کے تحت گاندھی سروور پروجیکٹ شروع کیا جا رہا ہے اور باپو گھاٹ کو عالمی معیار کے تعلیمی، ثقافتی، روحانی اور ماحولیاتی مرکز کے طور پر فروغ دیا جائے گا۔ اس موقع پر ریونت ریڈی نے تلنگانہ وژن ڈاکیومنٹ–2047 بھی راجناتھ سنگھ کے حوالے کیا۔ ملاقات میں کانگریس کے ارکانِ پارلیمنٹ ملو روی، انیل کمار یادو، ومشی کرشنا اور کڈیم کاویہ بھی موجود تھے۔