حیدرآباد 31 مارچ 2026 (اعتماد نیوز) حیدرآباد میں فوڈ سیفٹی قوانین کی سنگین خلاف ورزی کا انکشاف ہوا ہے۔ ٹاسک فورس پولیس نے کاٹے دھن میں کارروائی کرتے ہوئے ایس کے آر فوڈ پروڈکٹس کے مالک حسن علی روپانی کو گرفتار کرلیا۔پولیس کے مطابق یونٹ میں انتہائی غیر صحت مند حالات میں ادرک اور لہسن کا پیسٹ تیار کیا جا رہا تھا، جس میں کم معیار کے خام مال، لہسن کے چھلکے، اور کیمیکل جیسے ایسیٹک ایسڈ و زانتھن گم کا استعمال کیا جا رہا
تھا۔ تیار شدہ پیسٹ کھلے ٹبوں میں رکھا جاتا تھا جو دھول اور مکھیوں سے آلودہ ہو رہا تھا۔دھاوے کے دوران 4,032 کلوگرام ملاوٹ شدہ پیسٹ، 6,210 کلوگرام کم معیار کا ادرک و لہسن اور مشینری سمیت کیمیکل ضبط کیے گئے۔ ضبط شدہ سامان کی مالیت تقریباً 22 لاکھ روپے بتائی گئی ہے۔یہ پیسٹ شہر بھر کے کرانہ اسٹورز اور کیٹرنگ سروسز کو سپلائی کی جا رہی تھیں، جس سے عوامی صحت کو شدید خطرہ لاحق تھا۔ ملزم کو مزید کارروائی کے لیے پولیس کے حوالے کردیا گیا ہے۔