ذرائع:
تلنگانہ کے ضلع وقارآباد کی حسین وادیوں میں واقع اننتاگیری پہاڑیوں پر کانگریس کی سیاسی امور کمیٹی (پی اے سی) اور ضلع کانگریس کمیٹی (ڈی سی سی) کا اہم اجلاس منعقد ہوا۔ اس اجلاس میں کانگریس کے سرکردہ قائد راہول گاندھی ، تلنگانہ کے وزیر اعلیٰ ریونت ریڈی، نائب وزیر اعلیٰ بھٹی وکرامرکا، اے آئی سی سی جنرل سکریٹری کے .سی . وینو گوپال، ریاستی امور کی انچارج میناکشی نٹراجن، تلنگانہ پی سی سی صدر مہیش کمار گوڈ،اور آندھرا پردیش پی سی سی صدر شرمیلا سمیت دیگر اہم قائدین نے شرکت کی۔اجلاس کے دوران پارٹی
کو گراس روٹ سطح پر مزید مضبوط بنانے، تنظیمی ڈھانچے کو مؤثر بنانے اور عوامی رابطہ مہم کو وسعت دینے کے لیے جامع حکمتِ عملی پر تفصیلی غور و خوض کیا گیا۔ قائدین نے آئندہ سیاسی چیلنجز سے نمٹنے اور پارٹی سرگرمیوں کو منظم انداز میں آگے بڑھانے کے عزم کا اظہار کیا۔ واضح رہے کہ گزشتہ نو روز سے اسی مقام پر آندھرا پردیش اور تلنگانہ کے ڈی سی سی صدور کا تربیتی کیمپ جاری تھا۔ اختتامی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے راہول گاندھی نے پارٹی قائدین کو آئندہ لائحہ عمل، تنظیمی استحکام اور عوامی مسائل کے حل کے لیے متحرک کردار ادا کرنے کی تلقین کی۔